نگران وزیر اعلیٰ نے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی منظوری دیدی

12:36 PM, 16 May, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ 

اجلاس کے دوران صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور 9 مئی کو پیش آنے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور اس فیصلے کی اصولی منظوری دی گئی کہ پنجاب میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد از جلد یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کے لیے تمام سکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے دوران نو مئی کے واقعات کے ملزموں،سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کے لیے موثر میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ 32 مقامات کی جیو فینسنگ کر کے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے جبکہ تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کے لیے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جا رہی ہے۔

وزیر اعلی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ پولیس حکام کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے پروفیشنل طریقے سے کام کریں اور پروفیشنل اور قانونی لحاظ سے موثر تفتیش مکمل ہونے کے بعد پراسیکیوشن اپنا کام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،سیکریٹری قانون پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں