پشاور : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شہباز شریف کو وزیر اعظم ماننے سے انکار کرتے ہوئے افغانستان کو پاکستان سے بہتر قرار دے دیا۔ کہتے ہیں ۔موجودہ امپورٹڈ حکومت کیساتھ میرا چلنا مشکل لگتا ہے، پولیو ٹاسک فورس اجلاس بلایا گیا ہے لیکن میں وزیر اعظم کی شکل نہیں دیکھنا چاہتا۔
پشاور میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا شہباز شریف کو وزیر اعظم نہیں مانتا ، نہ ہی شکل دیکھنا چاہتا ہوں، مجھے پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس کیلئے اسلام آباد بلایا ہے ،لیکن میں نہیں جارہا ۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں صوبے کی نمائندگی کیلئے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا جائینگے ۔ محمود خان نے کہا کہ میرا موجودہ امپورٹڈ حکومت کے ساتھ چلنا مشکل لگتا ہے ۔ موجودہ حکومت میں جو صورتحال بنی ہے اس سے بہترہے ہم افغانستان چلے جائیں کیونکہ افغانستان میں گزاراآسان ہے، لیکن یہاں ممکن نہیں۔