اسلام آباد: پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نیوز وکرنٹ افیئرز چینلز پر پروگراموں، ٹاک شوز اور جلسوں کی براہ راست کوریج کے دوران ریاستی اداروں بالخصوص عدلیہ اور فوج کے خلاف ’منفی، توہین آمیز اور نفرت انگیز‘ مواد نشر کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ریاستی اداروں بالخصوص عدلیہ اور فوج کی ’تضحیک سے باز‘ رہیں۔
پیمرا کی طرف سےٹویٹرپر جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹی وی چینلز اس حوالے سے متعلقہ قوانین اور اس ضمن میں جاری شدہ عدالتی حکم ناموں کی من وعن پاسداری کریں۔
— Report PEMRA (@reportpemra) May 16, 2022
بیان کے مطابق ’گذشتہ چند ہفتوں سے ٹی وی چینلز کی نشریات میں اس حوالے سے کافی تشویش ناک مواد نشر کیا گیا جوکہ سراسر ریاستی اداروں کی ہرزہ سرائی اور توہین کے زمرے میں آتا ہے اور ریاستی اداروں کے خلاف بادی النظر میں پروپیگنڈا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام چینلز کو حتمی طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی دانستہ /غیردانستہ غلطی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002ترمیم شدہ پیمرا(ترمیمی)ایکٹ 2007کی شق 27کے مطابق بغیر نوٹس پروگرام/ٹاک شوکی بندش، شق 29کے تحت دس لاکھ تک کا جرمانہ اور شق 30کے تحت لائسنس کی معطلی یا منسوخی اور نشریات کی بندش جیسی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔