اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین سے آج ملاقاتیں کریں گے جس دوران حکومتی مستقبل کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ فوری انتخابات اور نگران حکومت کے معاملے پر مشاورت بھی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبا ز شریف آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سینئر رہنماءخالد مقبول صدیقی سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم تینوں رہنماؤں کو دورہ لندن پر اعتماد میں لینے کے علاوہ موجودہ سیاسی و ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف حکومت کے مستقبل کا فیصلہ منگل کو کریں گے کیونکہ انہوں نے تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس منگل کی شام اسلام آباد میں طلب کررکھا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی صورت حال، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لے کر اتحادیوں کی حمایت و تائید سے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع نے فوری اسمبلیاں توڑنے کا آپشن زیر غور ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تین سے چار مہینوں کیلئے سخت فیصلے کرنے اور حکومت کی جانب سے لئے گئے سخت فیصلوں کو تمام اتحادی جماعتوں کی جانب سے ’اون‘ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔