چھٹیاں ختم ہوتے ہی این سی او سی کی جانب سے متعدد پابندیاں ہٹا لی گئیں 

11:04 PM, 16 May, 2021

اسلام آباد :این سی او سی کی جانب سے عید تعطیلات ختم ہوتے ہی متعدد پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیاگیا ،این سی او سی کی جانب سے پابندی اٹھائے جانے کے بعد ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ آج سے بحال کر دی گئی۔

این سی او سی کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں  گنجائش سے 50 فیصد کم مسافروں کوبٹھایاجاسکےگا  جبکہ ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی،جبکہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ،ایس او پیز کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کا اجلاس 19 مئی کو ہوگا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 30 ہزار 402 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 379 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی،گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.82 فیصد رہی جبکہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 77 ہزار 130 سے تجاوز کر چکی ہے۔

حکومتی اعلان کے مطابق  پشاور میں بی آر ٹی سروس بھی صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک دوبارہ شروع کردی گئی ہے جبکہ تمام دفاتر  بھی50 فیصدحاضری کے ساتھ کل سے کھول دیے جائیں گے۔

این سی او سی کے نئے احکامات کے مطابق بازار رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹس میں صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باعث 17 مئی سے تمام مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

مزیدخبریں