راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار تعزیت ، مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں لیگی صدر کا کہنا تھا کہ بیگم نسیم ولی خان کے انتقال کی خبر سن کر بے حد دکھ ہوا ، بیگم نسیم ولی خان نے سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ، وہ خیبرپختونخواہ سے جنرل نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں ۔
خیال رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی پارلیمانی لیڈر اور خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان آج انتقال کر گئیں تھیں ۔ اہل خانہ کے مطابق اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں ۔
بیگم نسیم ولی خان اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی بیوہ تھیں اور وہ تین بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئیں ۔ اے این کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بیگم نسیم ولی کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے ولی باغ چارسدہ میں ادا کی جائے گی ۔