لاہور: قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے واپسی کیلئے امیدیں باندھتے ہوئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ وہاب ریاض کا شمار دنیائے کرکٹ میں بائیں ہاتھ سے گیند بازی کرنے والے بہترین باؤلرز میں ہوتا ہے۔ وہاب ریاض سرخ گیند سے کھیلنا چھوڑ چکے ہیں تاہم سفید گیند کے میچوں میں بھی انھیں کھلانے سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہی ایک ایسا پلیٹ فارم رہ گیا ہے جہاں وہ اپنی کارکردگی دکھا کر ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں، اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کو ضرور انعقاد ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان دنوں اپنی صحت پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچوں کے انعقاد تک میں خود کو فٹ کر لوں اور بہترین کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم کا حصہ بن جاؤں۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ تاہم اگر کسی وجہ سے پی ایس ایل کا انعقاد نہیں ہوتا تو برطانیہ کے دورہ کیلئے ان کے سابق کارکردگی کو مدنظر رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کو ان کی صلاحیتوں کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ میری ٹیم میں ضرورت ہے یا نہیں۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ مجھے اللہ تعالیٰ پر یقین ہے کہ وہ میری محنت کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔ اگر ایک دو میچوں میں میری پرفارمنس اچھی نہیں رہی تو اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ مجھے کھیلنا نہیں آتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی محنت اور اللہ پر یقین ہے، میں منتخب نہ ہونے پر گھبراتا نہیں ہوں، ایک دو میچز اچھے نہیں گئے یا ڈراپ ہو گیا تو اس کا مطلب یہ نہیں آتا کچھ نہیں۔ ٹیم میں منتخب نہ ہونا کھیل کا حصہ ہے۔ ابھی میرا بہت کھیل باقی ہے اور میرے پاس بہت سے مواقع ہیں۔