لاس اینجلس: ایک چھوٹی سی غلطی نے امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو کروڑوں ڈالرز سے محروم کر دیا ہے۔ اگر یہ خاتون اپنے لاٹری ٹکٹ کو کپڑوں کیساتھ نہ دھوتی تو آج تقریباً دو کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالرز کی مالک ہوتی۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 6 ارب روپے بنتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون کو جب اپنی زندگی کی سبب سے بڑی بے وقوفی کا پتا چلا تو وہ چکرا گئی۔ تاہم اس نے کچھ حوصلہ کرکے لاٹری جاری کرنے والی کمپنی سے رابطہ کیا اور انھیں ساری روداد سنائی۔
لاٹری منتظمین نے صرف دعوے کی بنیاد پر خاتون کو اتنی بھاری رقم دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ انعام حاصل کرنے کیلئے ٹکٹ کا ہونا لازم ہے۔ ہم کسی کو زبانی کلامی اتنی بڑی رقم ادا نہیں کر سکتے۔
تاہم جب خاتون رو رو کر لاٹری منتظمین کو اپنی بات کے سچ ہونے کی قسمیں کھائیں تو لاٹری منتظمین اس بات پر راضی ہو گئے ہیں کہ وہ ریکارڈ چیک کرکے بتائیں گے کہ مذکورہ خاتون اپنے دعوے میں کس حد تک سچی ہے۔
امریکی خاتون نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ لاٹری کا ٹکٹ اپنی پتلون کی جیب میں بھول گئی تھی۔ اس نے کپڑے دھونے کیلئے اس پتلون کو بھی مشین میں ڈال دیا، اس بے وقوفی کی وجہ سے اس کا لاٹری ٹکٹ بھی دھل گیا۔
خبریں ہیں کہ اس انعامی لاٹری کا نام سپر لوٹو پلس ٹکٹ ہے جسے گزشتہ سال نومبر 2020ء میں فروخت کیا گیا تھا۔
کہا جا رہا ہے کہ خاتون جس انعامی ٹکٹ کا دعویٰ کر رہی ہے اسے لاس اینجلس کے نواح میں قائم ایک سٹور پر فروخت کیا گیا تھا۔
لاٹری منتظمین خاتون کے دعوے کو جانچنے کیلئے اس سٹور کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کریں گے۔