لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر اداکارہ کنگنا رناوت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اکاؤنٹ گزشتہ دنوں معطل کردیا گیا تھا مگر اس کے باوجود بھارتی اداکارہ سوشل میڈیا پر سرگرم نظر آتی ہیں اور اپنے خیالات کا انسٹاگرام کے ذریعے پرچار کرتی پائی جاتی ہیں۔
کنگنا رناوت نے فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی حمایت کی جس پر اداکارہ مایا علی نے انتہائی مایوسی کا اظہار کیا اور بھارتی اداکارہ کی ذہنی صحتیابی کیلئے دعا بھی کر دی۔
مایا علی نے کنگنا کی اسٹوری کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بہت افسوس ہے اور میری دعا ہے کہ تم جلد ٹھیک ہوجاؤ، کسی میں کم از کم انسانیت تو ہونی چاہیے، ساتھ ہی مایا نے PalestenianLivesMatter# کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکارہ نے اپنی انسٹا گرام سٹوری پر لکھا تھا کہ ’ بھارت بنیاد پرست اسلامی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت کرتا ہے، اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دہشتگردی کا جواب دھرنے سے دیا جانا چاہیئے ، انہیں اسرائیل سے سبق سیکھنا چاہیے ۔
کنگنا کے اس بیان کوسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اورکنگنا کی اس پوسٹ کی مخالفت میں ٹوئٹرپر KanganaRanaut# ٹرینڈ کررہا ہے۔
واضح رہے کہ کنگنا کے ٹویٹر اکاؤنٹ کو حال ہی میں معطل کردیا گیا تھا جب انہوں نے متنازع ٹویٹ کیا تھا، بعدازاں انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا استعمال شروع کردیا، وہ سوشل میڈیا پر متنازع پوسٹ شیئر کرتی رہتی ہیں۔