بیجنگ: چین عالمی طاقت بننے کے بعد اب خلا کو مسخر کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اس نے اپنے ایک روبوٹ کو انتہائی کامیابی کیساتھ مریخ پر اتار لیا ہے۔
چین کے سرکاری میڈیا نے ان تاریخی کامیابی کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روبوٹ کا نام ژورونگ ہے جس کو مریخ کے علاقے یوٹوپیا پلینیٹیا پر لینڈ کروایا گیا۔
اس روبوٹ نے مریخ کی سطح پر حفاظت کیساتھ اترنے کے لئے ایک راکٹ پلیٹ فارم، ایک پیراشوٹ اور ایک حفاظتی کیپسول کو استعمال کیا۔ دنیا بھر کے سائنسدانوں کو اچھی طرح علم ہے کہ یہ کام انتہائی مشکل تھا، اس لئے وہ دنگ ہیں کہ چین نے تن تنہا کیسے یہ تاریخی کامیابی حاصل کرلی، یہ حیرت انگیز ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں صرف امریکا ہی وہ واحد ملک ہے جس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس ہی ایسی ٹیکنالوجی ہے جس سے وہ خلا کو مسخر کر سکتا ہے، اسی نے ہی مریخ پر اپنی خلائی گاڑی کو لینڈ کروایا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طرح کی کوششیں دیگر ممالک نے بھی کیں لیکن ان کے خلائی روبوٹ مریخ کی سطح پر اترنے سے پہلے ہی تباہ ہو گئے تھے، ان میں سے چند کو کامیابی تو ملی لیکن ان کیساتھ دوبارہ کبھی بھی رابطہ نہیں ہو سکا۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے اس تاریخی اور حیران کن کامیابی پر اپنے سائنسدانوں کو خصوصی مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔
صدر شی جن پنگ کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ کی محنت نے چین کو وہ تاریخی کامیابی دلائی ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ آپ کی کاوشوں سے ہم خلائی تحقیق کرنے والے سرفہرست ملکوں میں شامل ہو گئے ہیں۔