عید تعطیلات کے باعث  پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان پیر کو ہوگا: اوگرا

08:11 AM, 16 May, 2021

 
لاہور:  عید  تعطیلات کے باعث  آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان  اوگرا  کی جانب سے  پیر کو کیا جائے گا۔

ترجمان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)  کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان عید تعطیلات اور اتوار کو چھٹی ہونے کے باعث  نہ ہو سکا ، تاہم  اب  قیمتوں میں ردوبدل یا برقرار رکھنے کا اعلان  پیر کو کیا جائے گا ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی  نئی قیمتوں کے اعلان تک  موجودہ قیمتیں  ہی برقرار رہیں گی۔

 اوگرا کی جانب سے   پیٹرولیم مصنوعات میں  ردوبدل کے حوالے سے سمری  پیر کے روز  پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی جائے گی، جبکہ   توقع ہے کہ  نئی قیمتوں کا اطلاق 18مئی سے  ہو گا۔

واضح رہے  کہ  حکومت نے  گزشتہ 5 ماہ کے دوران  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3روپے 35پیسے فی لٹر تک کا اضافہ کیا، مٹی کا تیل 3روپے 35پیسے  جبکہ  لائٹ ڈیزل ایک روپے 42پیسے فی لٹرمہنگاکیاگیا۔ اس عرصے کے دوران  2 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی جبکہ  وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 2 بار  پیٹرولیم مصنوعات کو سستا کیا گیا  اور 3 بارقیمتیں برقراررکھی گئیں۔

حکومت نے 2021  کے آغاز میں  16 جنوری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4روپے 42 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا ، جس کے بعد پیٹرول 3روپے 20پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2روپے 95پیسے، مٹی کاتیل 3روپے اور لائٹ ڈیزل 4روپے 42پیسے فی لٹرمہنگا ہوا۔

30  جنوری کوایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3روپے فی لٹر تک اضافہ کیاگیا۔ جس کے بعد  پیٹرول 2روپے 70پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ 2 روپے 88پیسے، لائٹ ڈیزل 3روپے اور مٹی کا تیل 3روپے 54پیسے فی لٹر مہنگا ہوا۔ تاہم  16اور 28 فروری کو  وزیر اعظم عمران خان کی  جانب سے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا۔

رواں برس 16 مارچ 2021کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقراررکھی گئیں، تاہم  مٹی کا تیل 3روپے 42پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 2روپے19پیسے فی لٹر تک مہنگا ہوا۔ 31 مارچ 2021 کو پیٹرول ایک روپے 55پیسے، ڈیزل 3روپے، مٹی کا تیل ایک روپے 55پیسے اور لائٹ ڈیزل  ایک روپے 56پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا۔

15 اپریل  2021کو پیٹرولیم مصنوعات  2روپے 21پیسے فی لٹر تک سستی کی گئیں ،پیٹرول 1روپے 79پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل 2روپے 32پیسے،مٹی کا تیل 2روپے 6پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 2روپے 21پیسے فی لٹر سستا ہوا۔

 تیس اپریل کو رمضان میں پٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہ کرکے عوام کو چار ارب 80کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، یکم مئی کو پٹرول کی قیمت 108روپے 56پیسے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 110 روپے 76پیسے،لائٹ ڈیزل 77روپے 65پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 80روپے فی لٹر تھی۔

مزیدخبریں