کراچی: بڑے شہروں میں پھنسے مسافروں کیلئے خوشخبری، اندرون ملک فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا، کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کیلئے چار پروازیں شیڈول ہیں، طیاروں کو ڈس انفیکٹ اور مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آج دوپہر دو پروازیں آپریٹ ہونگی جبکہ پی آئی اے کی ایک پرواز شام 6 بجکر 15 منٹ پر لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی، سرین ایئر کی پرواز ساڑھے 6 بجے اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگی۔ ڈومیسٹک پروازیں 5 بڑے ایئرپورٹس سے ایس او پیز کے تحت آپریٹ کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ایس او پی پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرواز سے قبل طیارے کو ڈس انفیکٹ اور مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی، ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جہاز میں کھانے اور مشروبات کی اجازت نہیں ہوگی، ہر پسینجر کو ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی بھرنا ہوگا۔
خیال رہے گزشتہ روز ایوی ایشن ڈویژن نے جزوی فلائٹ آپریشن بحالی کا نوٹم جاری کیا تھا۔ سول ایوی ایشن نے 29 مئی تک ڈومیسٹک پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔ اسلام آباد سے گلگت کیلئے پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔