امریکی ایوان نمائندگان نے 3 کھرب ڈالر کے معاشی بچاؤ پیکج کی منظوری دیدی

10:32 AM, 16 May, 2020

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویٹو کی دھمکی کے باوجود کورونا کے اثرات سے نکلنے کے لیے 3 کھرب ڈالر کے معاشی بچاؤ پیکج کی منظوری دے دی۔


امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کیے گئےبل کی حمایت میں 208 جب کہ مخالفت میں 199 ووٹ پڑے، 14 ڈیموکریٹس نے بھی بل کے مندرجات کی مخالفت کی جب کہ نیویارک سے تعلق رکھنے والے رپپبلکن پیٹر ٹی کنگ نے بل کی حمایت بھی کی۔

امریکی ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والے ’ہیروز ایکٹ ‘میں ایک کھرب ڈالر مقامی حکومتوں کے لیے رکھے گئے ہیں جب کہ مصدقہ مہاجرین سمیت ہر فیملی کے لیے 6000 ڈالر ، 200 ارب ڈالر  خصوصی ورکرز کے لیے اور 75 ارب ڈالر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ اور اس کی تشخیص کے لیے رکھے گئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس اور امریکی سینیٹ کے اراکین کی جانب سے بل کی شدید مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ بل کو سینیٹ میں مسترد کر دیا جائے گا۔

ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ امریکی بہت سے معاملات میں بہت زیادہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں، ہمیں ان کے درد کا احساس ہونا چاہیے، اس صورت حال میں بھی ان کے لیے کچھ نہ کرنا انسانی حقوق کے اعتبار سے غیرذمہ دارانہ فعل ہو گا کیونکہ اس سے نہ صرف مزید انسانی جانیں ضائع ہوں گی بلکہ انسانی زندگی، بجٹ کی رقم اور جمہوریت متاثر ہو گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 کھرب ڈالر کے تاریخی بیل آؤٹ پیکج پر دستخط کیے تھے جس کی منظوری امریکی سینیٹ نے دی تھی۔
 

مزیدخبریں