چینی باشندوں کی شادیوں کا معاملہ، پاکستان اور چین نے ایکشن شروع کر دیا، دفتر خارجہ

02:56 PM, 16 May, 2019

اسلام آباد: پاکستانی لڑکیوں سے چینی باشندوں کی جعلی شادیوں کے معاملے پر پاکستان اور چین نے ملوث میرج بیوروز کیخلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ متاثرین چینی سفارتخانے یا پاکستانی آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چینی حکام کے مابین جعلی میرج بیوروز اور ملوث افراد کی معلومات کا تبادلہ ہوا ہے جس کے بعد پاکستان اور چین نے غیرقانونی اور جعلی میریج بیوروز کیخلاف اپنی، اپنی حدود میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کریمنل گینگز اور ایجنٹس سے شہریوں کو بچانے کیلئے حکومت پاکستان نے ایکشن لیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ چین میں انسانی اعضاء کی فروخت کیلئے خواتین کی اسمگلنگ کی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم ایف آئی اے کو تحقیقات کر کے جامع رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جعلی شادیوں کے متاثرہ افراد چینی سفارتخانے یا پاکستانی دفتر خارجہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں