اسلام آباد:سوئی نادرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی کے تحت برآمدی شعبے اور بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبہ کو گیس کی فراہمی میں ترجیح دی جا رہی ہے تا کہ اقتصادی ترقی اور برآمدات میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکے۔
جمعرات کو یہاں ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ایس این جی پی ایل نٹ ویئر یونٹس کو مسلسل گیس فراہم کررہی ہے تاہم سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی کھپت کی وجہ سے طلب اور رسد کا مسئلہ ہو سکتا ہے تاہم کوشش کی جا رہی ہے کہ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ موسم سرما میں بھی صنعتی شعبے کو مسلسل 300 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس فراہم کی جاتی رہی ہے اور صارفین کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کی جاتا ہے۔
ایس این جی پی ایل برآمدی شعبے کے صارفین کو بہت اہمیت دیتی ہے کیونکہ یہ ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے۔ گیس کی فراہمی میں رکاوٹ کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔