معروف سٹار فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ'بابا جانی'جذباتی اتار چڑھاﺅ پر مشتمل

08:49 PM, 16 May, 2018

معروف سٹار فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ'بابا جانی'جذباتی اتار چڑھاﺅ پر مشتمل
معروف سٹار فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ'بابا جانی'جذباتی اتار چڑھاﺅ پر مشتمل

لاہور: پاکستانی ٹی وی چینیلز کے معروف سٹار فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ جذباتی اتار چڑھاﺅ پر مشتمل ہوگا ، 'بابا جانی' نامی ڈرامہ لو سٹوری نہیں بلکہ یہ خاندان کے گرد گھومنے والی کہانی ہے جس کی کہانی بہت زیادہ ڈرامائی ہوگی۔

 فیصل قریشی نے اس سیریل کے حوالے سے بتایا  کہ  بابا جانی ایک فیملی ڈرامہ ہے، یہ 3 بہنوں اور ایک بھائی کی کہانی ہے، میں اس بھائی کا کردار ادا کررہا ہوں جس کا نام اسفند ہے اور اس سے بڑی ایک بہن ہے جبکہ 2 بہنیں چھوٹی ہیں'۔

انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ اسفند نے اپنی ذات خاندان کے لیے وقف کردی ہے، جو ایک سادہ انسان ہونے کے ساتھ اپنے خاندان کے لیے زندگی قربان کرنے کے لیے تیار رہتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ' اس کی کہانی ایسے حالات اور مشکلات کے گرد گھومتی ہے جن کا سامنا اسفند کو اپنے خاندان کی خواہشات پوری کرنے کے دوران ہوتا ہے اور یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ لوگ اس کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں۔ یہ بہت زیادہ جذباتی اور ڈرامے سے بھرپور سیریل ہے، اور ایسے افراد کے بارے میں ہے جو اپنے خاندان کے لیے کچھ بھی کرگزرتے ہیں'۔

صبا حمید بڑی بہن کا کردار ادا کریں گی، جنان حسین دوسری بہن سندس کے روپ میں نظر آئیں گی جبکہ عدلہ خان سب سے چھوٹی بہن بنیں گی۔

شہریار زیدی کے حصے میں صبا حمید کے شوہر کا کردار آیا ہے، ان کے 2 بچوں کے کردار علی انصاری اور عریشہ راضی ادا کریں گے ، اسی طرح عامر قریشی سند کے شوہر کا کردار ادا کریں گے۔

فیصل قریشن نے بتایا ' ڈرامے میں میری منگیتر کا کردار فریال محمود ادا کریں گی، مگر ان دونوں کی شادی نہیں ہوتی بلکہ کسی وجہ سے اسفند کی شادی سویرا ندیم کے کردار سے ہوجاتی ہے، ان کی بیٹی کا کردار مدیحہ امام ادا کریں گی۔ اسفند کے دوست کے کردار میں ٹیپو شریف نظر آئیں گی جبکہ ان کی بیوی ماریہ ادا کریں گی'۔

اگر کرداروں کو دیکھ کر الجھن کا شکار ہیں تو جان لیں کہ اس ڈرامے کی کاسٹ کافی بڑی ہے، فیصل قریشی کا کہنا تھا ' ڈرامے میں مرکزی تنازع اسفندی، فریال اور مدیحہ کے کرداروں کے درمیان ہوگا'۔


 


 

مزیدخبریں