اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزم ریفرنس میں وکیل صفائی خواجہ حارث کی جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح جاری ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں جب کہ نامزد ملزم نواز شریف بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف وہ پارٹی ہے جس کا نہ کوئی کردار ہے اور نہ نظریہ، نواز شریف
العزیزیہ ریفرنس میں نیب کے آخری گواہ واجد ضیاء کا گزشتہ روز بیان مکمل ہونے کے بعد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ان پر جرح کا عمل شروع کر دیا۔
یاد رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی نیب کے گواہ تھے اور انہوں نے اپنا بیان قلمبند کرایا۔
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں تین ضمنی ریفرنسز بھی دائر کیے گئے ہیں جن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا گیا ہے جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ضمنی ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نامزد ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں