بیجنگ :سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیادہ سے زیادہ لائکس اور لنک پر کلک کرنے کے لیے جہاں نت نئے طور طریقے اپنائے جاتے ہیں وہیں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو دوسروں سے رسپانس حاصل کرنے کے بجائے خود ہی لائکس اور کلکس کرنے کی مشین بن جاتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ چین میں ہو رہا ہے جہاں ایک فیکٹری میں ہزاروں ایسے مخصوص فونز کا انکشاف ہوا ہے جو سوشل میڈیا پر اندھا دھند لائکس اور کلک کرکے بعض ایپس، ویب سائٹس اور پوسٹس کو مشہور کرنے کا کام کررہے ہیں۔ مزید تفصیل کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ لگ بھگ 10 ہزار فونز جو آپس میں باہم منسلک ہیں اور سب پر سوشل میڈیا ویب سائٹس کھلی ہوئی ہیں جبکہ انہیں کچھ آپریٹر کنٹرول کررہے ہیں۔ انہیں نئی اصطلاح میں ‘کلِک فارم’ بھی کہا جاتا ہے جہاں لائکس اور کلک کی بڑی تعداد انجام دی جاتی ہے۔