نیو یارک:ہالی ووڈ کی فلموں پر اگر نظر ڈالی جائے تو ڈزنی موویز کا نام نہ آئے یہ ممکن نہیں ۔بچوں سے لیکر بڑوں تک سب ہی ڈزنی فلموں کے دیوانے ہیں اور ہر وقت انتظار میں رہتے ہیں کہ کب کوئی نئی فلم آئے اور وہ اس سے محظوظ ہوں ۔اپنے مداحوں کو خوش رکھنے کے لیے ڈزنی بھی اپنی پوری کوششیں جاری رکھتا ہے ۔
لیکن جناب اب ڈزنی کے ساتھ ہو گیا ہے ایک دھوکہ جس مٰیں نئی آنے والی فلم چرا لی گئی ہے ۔ہیکرز نے ڈزنی کی ایک نئی آنے والی فلم جو مکمل ہو چکی تھی چرا کر بدلے میں تاوان کا مطالبہ کیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں فلم انٹرنیٹ پر جاری کردینے کی دھمکی بھی دی ہے ۔
ڈزنی کے سی او باب آئیگر نے یہ بات ایک حالیہ اجلاس میں بتائی جس میں انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ہیکرز کے مطابق اگر تاوان نہ دیا گیا تو وہ پہلے پانچ منٹ اور پھر بقیہ فلم انٹرنیٹ پر جاری کردیں گے ۔
آئیگر نے یہ نہیں بتایا کہ کس فلم کو ہیک کیا گیا ہے،ڈزنی کی دو فلمیں پائریٹس آف دی کیربئین سیریز کی ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز 26 مئی اور کارز تھری 16 جون کو ریلیز ہو رہی ہیں۔ ہیکرز نے اس سے پہلے نیٹ فلکس کے ایک ٹی وی شو کی 10 قسطیں چوری کی تھیں اور تاوان نہ دینے پر انہیں انٹرنیٹ پر جاری کر دیا تھا۔