سری نگر: سیاحتی مقام پہلگام میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے الزام میں پولیس نے 9مقامی نوجوانوں کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔ پولیس نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بغاوت کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ پہلگام میں پولیس نے 9نوجوانوں کو جھنڈا لہرانے میں ملوث قرار پا کر گرفتار کیا ۔ سیاحتی مقام پہلگام میں لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کیلئے کئی نوجوانوں نے جھنڈا لہرا جس کے ساتھ ہی وہاں پر افرا تفری کا ماحول پھیل گیا ۔
یاد رہے کہ کشمیری نوجوانو ں کی طرف سے پاکستانی پرچم لہرانے کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔
اس قبل خواتین حریت پسند رہنما آسیہ اندرابی اور ان کے ساتھیوں نے مقبوضہ وادی کے دارالحکومت سری نگر میں مختلف مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے اور پاکستان ’زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔ اس کے علاوہ کشمیری نوجوانوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی اور’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ آسیہ اندرابی اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر پاکستانی پرچم لہرا چکی ہیں جب کہ انھوں نے مسلمانوں کے گائے ذبح کرنے پر پابندی کے سری نگر ہائی کورٹ کے فیصلے کو بھی رد کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گائے ذبح کر کے سری نگر ہائی کورٹ کو کٹھ پتلی قرار دیا تھا۔