لاہور:ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ ہمیشہ خوبصورت دکھے اور اس کے لیے جوان ہونا بہت ضروری ہے ۔شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو بوڑھا ہونا چاہتا ہو ۔لیکن یہ قدرت کا اصول ہے کہ آپ نے جوانی سے گزر کر بڑھاپے میں جانا ہی جانا ہے ۔ہاں ایسا ضرور ہو سکتا ہے کہ آپ عمر رسیدہ ہو کر بھی توانا اور ترو تازہ نظر آئیں۔اس کے لیے آپ کو چند ایسی عادات اپنانا پڑیں گی جس سے آپ کو اپنا مقصد حاصل کرنے میں کافی مدد ملے گی۔
اگر آپ روزانہ ورزش کرتے ہیں تو آ پ یقینا جوان رہ سکتے ہیں یہ بات سامنے آئی ہے برگھم ینگ یونیورسٹی کی تحقیق میں جس میں بتایا گیا کہ لوگ جتنا ورزش کریں گے ان کی خلیات پر عمر کے اثرات اتنے ہی کم مرتب ہوں گے۔
تحقیق کے مطابق جو لوگ ورزش کرنے کے عادی ہوتے ہیں وہ سست طرز زندگی کے عادی افراد کے مقا بلے میں 9 سال کم عمر نظر آتے ہیں۔
اس تحقیق کے دوران چھ ہزار کے قریب افراد کے ٹیلو میئرز کا جائزہ لیا گیا جبکہ ان کے ڈی این اے نمونے بھی لیے گئے اور ان سے جسمانی سرگرمیوں کی شدت کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔
واضح رہے کہ ٹیلومیئرز انسانی کروموسوم کے پروٹین کیپ ہوتے ہیں جن کی لمبائی عمر بڑھنے کے ساتھ گھٹنے لگتی ہے۔اگر گھٹنے کی رفتار تیز ہو تو بڑھاپا بھی جلد طاری ہوجاتا ہے۔تحقیق کے مطابق جن لوگوں کے ٹیلومیئرز چھوٹے ہوتے ہیں، ان کا جان لیوا امراض میں موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے اور یہ جسمانی عمر کی جانچ پڑتال کا اچھا ذریعہ ہے۔محققین نے دریافت کیا کہ جو لوگ ورزش کرنے کے عادی ہوتے ہیں ان کے ٹیلومیئرز کی لمبائی سست طرز زندگی کے عادی افراد کے مقابلے میے میں لمبی ہوتی ہے اور وہ کم از کم نو سے دس سال چھوٹے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتے میں پانچ دن تیس سے چالیس منٹ تک تیز چہل قدمی یا جاگنگ اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہے جبکہ زیادہ سخت جسمانی سرگرمیاں سدابہار جوانی کو یقینی بناتی ہیں۔
ان کے بقول ہفتے میں ڈیڑھ سے دو سو منٹ تک سخت ورزش لوگوں کے اوپر بڑھاپا طاری کرنے کے عرصے کو بڑھا دیتی ہے۔