اسلام آباد: رمضان المبارک میں وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ماہرینِ غذائیت نے ہلکی اور غذائیت سے بھرپور افطاری کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے کے بعد چکنائی اور چینی سے بھرپور کھانوں کی بجائے صحت بخش اور کم کیلوریز والے کھانوں کا انتخاب کرنا چاہیے تاکہ جسم تندرست رہے اور وزن بھی متوازن ہو۔
کھجور اور لیموں پانی سے روزہ کھولیں، یہ فوری توانائی فراہم کرتا ہے لیکن زیادہ کھجور کھانے سے گریز کریں۔ سوپ، دہی، یا چیا سیڈز شیک استعمال کریں تاکہ ہاضمہ بہتر رہے اور پیٹ دیر تک بھرا محسوس ہو۔ چنے یا پھلوں کی چاٹ اور سبزیوں کا سلاد کھانے سے کم کیلوریز میں زیادہ غذائیت حاصل کی جا سکتی ہے۔تلی ہوئی اشیاء جیسے پکوڑے اور سموسے کے بجائے بیک یا گرلڈ کھانے کو ترجیح دی جائے تاکہ وزن میں اضافے سے بچا جا سکے۔
ماہرینِ صحت نے افطار کے بعد ہلکی پھلکی واک اور زیادہ پانی پینے کی بھی تاکید کی ہے تاکہ میٹابولزم تیز ہو اور کھانا جلد ہضم ہو سکے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ افطاری کے بعد اضافی میٹھے اور بھاری کھانوں سے اجتناب کریں تاکہ وزن بڑھنے کے بجائے کم ہونے میں مدد ملے۔