لاہور: پنجاب حکومت نے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے "لاہور اتھارٹی فار ہیری ٹیج ریوائیول" (لہر) قائم کر دی، جس کے پیٹرن انچیف مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں اتھارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا، جس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات ہٹانے اور ان کی اصل شکل میں بحالی کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں شہر میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے قیام کے لیے پانچ مقامات کی نشاندہی کی گئی، جبکہ نیلا گنبد کی اصل حالت میں بحالی کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔ شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر و نور جہاں، شالامار باغ اور کامران کی بارہ دری سمیت دیگر تاریخی مقامات کی بحالی پر اتفاق کیا گیا، جبکہ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی گیٹ تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
اجلاس میں نواز شریف نے کہا کہ "پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے، اسے اصل حالت میں بحال کرنا ضروری ہے۔ شہروں کی قدیم شناخت کو بگاڑنا مناسب عمل نہیں، قومی ورثے کی تباہی پسماندگی کے مترادف ہے۔" انہوں نے تجاوزات کے متاثرین کو متبادل جگہ اور معاوضہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تاریخی دروازوں اور سرکلر روڈ کے اطراف تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ "جگہ جگہ تجاوزات سے شہروں کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاریخی دروازوں کو ان کی قدیم شکل میں بحال کیا جائے گا۔"
یہ اقدام لاہور کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے، شہری سہولیات بہتر کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔