دہشت گردی کے بڑھتے واقعات : پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

04:26 PM, 16 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں حکومت نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس اجلاس کی تیاری کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس 19 یا 20 مارچ کو متوقع ہے، جو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا، اور وزیراعظم شہباز شریف بھی اس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوں گے۔ پورے پارلیمنٹ ہاؤس کو سلامتی کمیٹی میں تبدیل کیا جائے گا اور وفاقی وزراء سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے لیڈرز کو دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بریفنگ دی جائے گی، اور اراکین کے سوالات کے جوابات بھی دیے جائیں گے۔ اس موقع پر نیشنل ایکشن پلان ٹو کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا، جس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے اور قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزیدخبریں