پنجاب حکومت نے لاہور میں تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے نئی اتھارٹی قائم کر دی

پنجاب حکومت نے لاہور میں تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے نئی اتھارٹی قائم کر دی

لاہور : پنجاب حکومت نے لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور اسے محفوظ کرنے کے لئے لاہور اتھارٹی فار ہیری ٹیج ریوائیول (لہر) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہر کے تاریخی مقامات کی حفاظت اور ان کی اصل حالت میں بحالی ہے۔

یہ فیصلہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی کی گئی اور ان کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا۔

"لہر" (لاہور اتھارٹی فار ہیری ٹیج ریوائیول) کی سٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف میاں نوازشریف ہوں گے۔ اجلاس میں لاہور میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے لئے 5 مقامات کی نشاندہی کی گئی، اور نیلا گنبد کی اصل حالت بحال کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا۔

مذکورہ اجلاس میں تاریخی مقامات جیسے شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر و نور جہاں، شالا مار باغ اور کامران کی بارہ دری کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اسی دوران، شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف میں تجاوزات پر برہمی کا اظہار کیا اور ان تجاوزات کو ہٹانے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی میاں نوازشریف نے متاثرین کو کاروبار کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے اور انہیں معاوضہ دینے کی ہدایت دی۔

میاں نوازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ "پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے اور اس کی اصل حالت میں بحالی ضروری ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ یورپ نے اپنے شہروں کو صدیوں بعد بھی پرانی شکل میں بحال رکھا ہے، اور یہ قومی ورثے کو تباہ کرنا پسماندگی کے مترادف ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ تجاوزات سے شہروں کی صورت خراب ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور لاہور کے تاریخی دروازوں کو ان کی قدیمی شکل میں بحال کیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں