لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عثمان انور نے کہا ہے کہ ظل شاہ کی ہلاکت کے ذمہ دار دونوں افراد نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ دونوں افراد نے سوا، سوا گھنٹے کا اعترافی بیان دیا جبکہ جج صاحب نے لکھا ہے انہوں نے اعترافی بیان سے متعلق مکمل تسلی کرلی ہے۔
آئی جی نے کہا کہ مسلح جتھوں نے زمان پارک میں پولیس پر حملہ کیا، ڈنڈے برسائے، رینجرز کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، خاتون ایس پی پر پتھراؤ کیا گیا، زمان پارک کو نو گو ایریا بنانے کی کوشش کی گئی، ایک مظلوم شخص کا بیٹا حادثے میں ہلاک ہوتا ہے، وہ بھی پولیس پر ڈال دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گولی چلانا بہت آسان ہوتا ہے لیکن بہادری یہ ہے کہ گولی نہ چلائی جائے، زمان پارک جانے والی پولیس ٹیم کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا جبکہ اعلیٰ پولیس افسر بھی غیر مسلح تھے، ہنگامہ آرائی پر مقدمات درج کر لئے گئے، گرفتاریاں جاری ہیں، کوئی فورس آپس میں نہیں لڑی، جس نے وردی پہنی ہے وہ ریاست کا ملازم ہے۔