اسلام آباد: وزیراعظم آفس نے پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے سوشل اور پرنٹ میڈیا میں گردش کرنے والے حالیہ تمام بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پریس ریلیزز ، سوالات اور مختلف دعوؤں میں پرامن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈی جی رافیل ماریانو گروسی کے معمول کے دورے کے کو منفی رنگ دیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تناظر میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ایک قومی اثاثہ ہے اور ریاست پاکستان ہر طرح سے اس پروگرام کی حفاظت کی ذمہ دار ہے، یہ پروگرام مکمل طور پر محفوظ، فول پروف اور کسی بھی دباؤ سے ماورا اور آزاد ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پروگرام اس مقصد کو ہر طرح سے پورا کرتا ہے جس کیلئے یہ صلاحیت تیار کی گئی تھی۔