اسلام آباد: وفاقی وزرا کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں خچروں، گھوڑوں اور گدھوں کا مینا بازار لگا ہوا ہے، نوٹوں کے بیگ پہنچ چکے ہیں ۔اپوزیشن کی ہار یقینی ہے ۔ مرد ہیں تو عمران خان جیسا جلسہ کرکے دکھائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار اور وزیر مملکت فرخ حبیب نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ فواد چودھری نے کہا کہ جاوید لطیف نے ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا لیکن الیکشن کمیشن خاموش ہے، لگتا ہے الیکشن کمیشن کو ن کی نظر(آنکھیں ) لگ گئی ہے۔ ان کو صرف پی ٹی آئی نظر آتی ہے ۔
وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی سیاست کے آخری دن ہیں، ان کو ایسے بند کریں گے جیسے کبوتر پنجرے میں بند ہوتے ہیں۔ لانگ مارچ مدرسوں کے بچوں پر نہیں ہوتا۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور مولانا ایک بھی جلسہ ہماری طرح کرکے دکھائیں۔ پاکستان کو آج آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے ایک شناخت ملی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست کے آخر ی دن ہیں۔ اتحادیوں کی طرف سے امید ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔ ہم ہر طرح سے تیار ہیں۔ سیاست کمزور دل لوگوں کا کام نہیں ہے۔ ہمارے ڈی چوک کے جلسے سے گھبراہٹ شروع ہوچکی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ عمران خان صرف الیکشن کو نہیں قوم کی خودداری کو بھی دیکھتے ہیں۔ گزشتہ 2ہفتے سے وزیراعظم عمران خان کا گراف بڑھ رہا ہے۔ 19تاریخ سے ملک بھر میں ہماری تنظیمیں عوام کو متحرک کریں گے۔ صوبائی صدور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ہر سال 15مارچ کو اسلاموفوبیا کے حوالے سے دن منایا جائے گا۔مسلمانوں کی فتح پر پوری دنیا کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ڈی چوک جلسے کی تیاریوں سے متعلق ہم نے اہم میٹنگ کی ہے۔ اسلام آباد میں ڈی چوک پر تاریخی جلسہ ہوگا۔