اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جاوید لطیف کا کھلا اعتراف جرم ہے کہ (ن) لیگ ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو وضاحت طلب کرنی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نجی ٹی وی کے پروگرام کا ایک کلپ شیئر کیا جس میں مسلم لیگ (ن) کے جاوید لطیف، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصل واوڈا اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا شریک تھے۔
فواد چوہدری نے لکھا ’جاوید لطیف کے اس کھلے اعتراف جرم کے بعد کہ عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے۔ اصولی طور پر الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری کرنا چاہئے اور وضاحت طلب کرنی چاہئے لیکن الیکشن کمیشن کو (ن) کی نظر لگ گئی ہے اور انہیں صرف تحریک انصاف نظر آ رہی ہے۔‘
جاوید لطیف کے اس کھلے اعتراف جرم کے بعد کہ عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے مسلم لیگ نون ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے اصولی طور پر الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ کو نوٹس جاری کرنا چاہئےاور وضاحت طلب کرنی چاہئیے لیکن الیکشن کمیشن کو نون کی نظر لگ گئ ہے اور انھیں صرف تحریک انصاف نظر آرہی ہے pic.twitter.com/Oku52tc8T5
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 16, 2022
واضح رہے کہ جاوید لطیف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ آج ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگوں سے ووٹ لے رہے ہیں، ہم دعویدار ہیں۔
پروگرام کے میزبان نے کہا کہ یہ ویسے ہارس ٹریڈنگ ہے یا نہیں؟ جس پر جاوید لطیف نے کہا کہ ہاں۔ اس پر میزبان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ مانگ رہے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔