مجھ سے منسوب خبریں بے بنیاد، (ق) لیگ اتحادی ہے اور رہے گی: پرویز خٹک

11:41 AM, 16 Mar, 2022

 اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ق لیگ ہماری اتحادی ہے اور رہے گی ۔

اپنے بیان میں پرویز خٹک نے کہا کہ مجھ سے منسوب خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ۔ ق لیگ نے ہر مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ دیا ہے ۔ اب بھی چودھری برادران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کو وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے اس حوالے سے مونس الٰہی کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ق) کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بناتی ہے تو بن جائیں ، پانچ سیٹوں پر وزیراعلیٰ بنانے کی ڈیمانڈ بلیک میلنگ ہے ۔

ق لیگ کے رہنماء مونس الٰہی نے پی ٹی آئی کی جانب سے وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کی خبروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’پرویز خٹک صاحب سے رابطہ رہتا ہے اور ہر دوسرے دن بات ہوتی ہے ۔ اس بیان کی وضاحت پرویز خٹک صاحب خود کریں گے ۔‘

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعظم سے دوبار ملاقت ہوئی کوئی ایسی بات نہیں ہوئی ، ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ، تنہا نہیں سب اکٹھے فیصلے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ غلط مشوروں کی وجہ سے وزیراعظم یہاں تک پہنچے ہیں ۔ مشاورت کے بغیر فیصلے سے اپنے ہی لوگوں کو خطرہ ہوگا ۔

پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ حکومت کے سوا تمام جماعتوں نے ہمیں پیشکش کی ، ترین گروپ عثمان بزدار کو ہٹا کر ہی دم لے گا ۔ وزارت اعلیٰ مل جائے تو پی ٹی آئی کی کوتاہیاں دور کر دیں گے ۔ حکومت نے تعلقات بنائے نہیں بگاڑے ہیں ۔

مزیدخبریں