اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد لانے کا حق ہے لیکن وزیراعظم ہارے یا جیتے، فائدہ عمران خان کا ہی ہے، مولانا فضل الرحمن سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سب بھاگ جائیں گے اور آپ دھر لئے جائیں گے، لانگ مارچ اور جلسہ ضرور کریں مگر کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے اور 25 مارچ تک سیاست کھل کر سامنے آ جائے گی، اتحادیوں کا بھی پتہ چل جائے گا کہ وہ کس طرف کھڑے ہیں، عمران خان کیساتھ نسلی اور اصلی لوگ کھڑے ہوں گے، 25 تاریخ کے بعد عمران خان کا مضبوط، سنہرا اور مقبولیت کا دور شروع ہو گا کیونکہ گزشتہ تین ہفتوں میں عمران خان زیادہ مقبول ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو اتوار ہے اس لئے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہو گی جبکہ قومی اسمبلی کا سپیکر 63 اے کے تحت کسی بھی ممبر کا ووٹ منسوخ کر سکتے ہیں اور 63 اے کی خلاف ورزی کرنے والا ووٹ نہیں ڈال سکے گا، عمران خان جیتے گا لیکن اگر نتائج کچھ اور آتے ہیں تو فائدہ عمران خان کا ہی ہے۔ 20 مارچ سے 2 اپریل تک اسلام آباد میں رینجرز، ایف سی اور پولیس کو خصوصی اختیارات دیدئیے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں اور ملک کو انارکی کی طرف سے جا رہے ہیں اور اگر ملک میں خانہ جنگی ہوئی تو اس کے ذمہ دار مولانا فضل الرحمن ہوں گے۔ میں مولانا فضل الرحمن سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سب لوگ بھاگ جائیں گے، آپ دھر لئے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تین مہینے سے آپ کی سوئی پھنسی ہوئی ہے، میں تین مہینے پہلے کہتا تھا کہ آپ 23 مارچ کو نہیں بلکہ 25 مارچ کو آئیں گے، آپ کی قیادت ہماری انتظامیہ سے بات کر کے راستوں کا تعین کرے، ہم آپ کو محفوظ راستوں سے لائیں گے اور اسی طرح 27 مارچ کو حکومت کے جلسے کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ نے بھی جلسہ کرنا ہے تو ڈی سی اسلام آباد سے میٹنگ کریں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ پہلے بھی مولانا فضل الرحمن نے یہاں دھرنا دیا تھا جلسہ کیا تھا، لیکن کسی شخص کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت وزارت داخلہ کا کام ہے، اور یہ کر کے دکھائیں گے۔