اپوزیشن نے قوم کا وقت ضائع کیا اور اب سیاست سے مائنس ہونے والی ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

10:12 AM, 16 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی لانگ مارچ کی کال کو کوئی ذی شعور سپورٹ نہیں کرتا، اپوزیشن سیاست سے مائنس ہونے والی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلے ارکان اسمبلی سے مشاورت جاری رہے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہاپوزیشن نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور یہ خود سیاست سے مائنس ہونے والی ہے۔ پی ڈی ایم کی لانگ مارچ کی کال کو کوئی ذی شعور سپورٹ نہیں کرتا، لانگ مارچ کرنے والوں کے غیر جمہوری عزائم کھل کر سامنے آ گئے۔ 
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کے بعد سیاسی ماحول میں خاصی گرما گرمی ہے اور دونوں فریقین اپنی اپنی جیت کو یقینی بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ 
اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے اپوزیشن کے پاس مطلوبہ تعداد پوری ہے جبکہ حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنماءپرویز الٰہی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ اتحادیوں کا 100 فیصد جھکاؤ اپوزیشن کی طرف ہے۔

مزیدخبریں