واشنگٹن ، چھوٹا طیارہ گاڑی پر گرکر تباہ ، چارسالہ بچے سمیت 3 افراد ہلاک
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ سڑک پر چلنے والی گاڑی پر گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں چار سالہ بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
فلوریڈا میں جہاز گاڑی پر گرنے سے اپنی ماں کے ساتھ اسکول سے گھر جانے والا چار سالہ بچہ ٹیلر بشپ ہلاک ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق بشپ کی ماں حادثے میں شدید زخمی ہوئیں۔ جہاز تباہ ہونے کے نتیجے میں مجموعی طور پر تین ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے دو طیارے میں سوار افراد تھے۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ پیر کی دوپہر اُس وقت پیش آیا جب ٹیلر اپنی والدہ کے ساتھ اسکول سے گھر واپس جارہا تھا۔ طیارہ کار سے ٹکرانے اور تباہ ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ایک انجن والے طیارے نے پیم بروک پنس سے پرواز بھری تو تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد پائلٹ اسے واپس ایئرپورٹ لے کر آرہا تھا مگر ناکام رہا اور چھوٹا طیارہ آبادی میں گر کر تباہ ہوا۔
طیارہ جب زمین کی طرف جارہا تھا کہ تو بشپ اور والدہ کی گاڑی اُسی لمحے گزری تھی کہ جہاز کا پر اُس سے ٹکرایا اور زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ کا شعلہ بلند ہوا جس نے پلک جھپکتے ہی گاڑی کو راکھ کر کے رکھ دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی میں سوار خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔