لاہور: پاکستان کی فاسٹ یونیورسٹی کے طلباءنے اپنے ڈیزائن کردہ ایک پراجیکٹ کے ذریعے ’Imagine Cup 2021‘ جیت لیا جس میں 650 سے زیادہ عالمی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ پاکستانی طالب علموں محمد تیمور حسن اور چوہدری ہنزلا مقصود نے ’QueryCity‘نامی سرچ انجن بنا یا جس کا مقصد تعلیم کو سب کیلئے قابل رسائی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد تیمور حسن اور چوہدری ہنزلا نے پوری دنیا کی ٹاپ 40 ٹیموں میں سے امیجین کپ ورلڈ فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے اور وہ ٹاپ تعلیمی اداروں کے خلاف مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، اس ٹیم کو نیشنل وننگ کپ ، ایک لاکھ روپیہ نقد انعام اور ایزور کریڈٹ میں 1000 ڈالرملیں گے۔
یاد رہے کہ مائیکروسافٹ امیجن کپ عالمی تکنیکی مقابلہ ہے جو ہر سال عالمی سطح پر منعقد ہوتا ہے اور اس میں متعدد اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں سے ہر سال 650 سے زیادہ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ ’QueryCity‘ میں ہزاروں سوالات اور تمام مضامین کے جوابات شامل ہیں۔ اس حل سے طالب علموں کو نصابی کتب اور دیگر وسائل پر رقم کی بچت میں مدد کی امید ہے۔ ’QueryCity‘کا مقصد ایسی تعلیم فراہم کرنا ہے جو ہر طالب علم کو انتہائی کم قیمت پر قابل رسائی ہو۔