راولپنڈی: ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ اور دہشتگردی کیخلاف مجاہد انور خان کی قائدانہ و پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معیاری قیادت اور بہترین کوششوں سے آج پاک فضائیہ کا کوئی ثانی نہیں۔
جی ایچ کیو آمد پر ایئر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور مجاہد انور خان نے یادگارشہداء پر پھول بھی چڑھائے ۔ ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بڑھانے میں کردار پر ایئر چیف کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ 19 مارچ 2018ء کو ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چینج آف کمانڈ کی پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی تھی۔
ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ ایئر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے اعزازی شمشیر اور بیسٹ پائلٹ ٹرافی بھی حاصل کی جبکہ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان کو شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارۂ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔[