اسلام آباد: پی ڈی ایم اجلاس کے دوران سابق صدر آصف زردرای نے سخت لہجہ اختیار کرنے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے معذرت کر لی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کا مطالبہ کیا کہ اگر حکومت کے خلاف جہد و جہد کرنی ہے اور اسمبلیوں سے استعفے دینے ہیں تو نواز شریف کو وطن واپس آنا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق خطاب کے اختتام پر سابق صدر آصف زرداری نے کہا اگر میرے الفاظ سے اگر آپ کی دل آزاری ہوئی تو معذرت چاہتا ہوں۔
آصف زرداری نے میاں نواز شریف کو وطن واپس آ کر جدو جہد کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر یہ لڑائی لرنی ہو گی ،انہوں نے سوال پوچھا کہ میاں صاحب! آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟ میاں صاحب! پلیز پاکستان تشریف لائیں۔
اجلاس کے دوران آصف زرداری کے اس سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ گارنٹی دیں کہ میرے والد کی جان کو وطن واپسی پر کوئی خطرہ نہیں ہوگا،انہوں نے کہا کہ میرے والد کی جان کو خطرہ ہے، وہ وطن واپس کیسے آئیں؟جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی نواز شریف بھی ہیں۔ نیب کی تحویل میں نواز شریف کی زندگی کو خطرہ ہے اور نواز شریف کو جیل میں 2 ہارٹ اٹیک ہوئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا ن لیگ نے سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود پی ڈی ایم کا ساتھ دیا،مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عمل کیا اور کرایا جبکہ پوری مسلم لیگ (ن) نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیئے اور پی پی استعفوں کیخلاف تھی لیکن (ن) لیگ نے اتفاق رائے کیلئے آپ کی حمایت کی۔