تنقید کی پرواہ نہیں اپنے کام سے مطلب رکھتا ہوں ، وزیراعلیٰ

05:46 PM, 16 Mar, 2021

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عوامی اجتماعات کرنا کوئی دانشمندی نہیں 

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں عوامی اجتماعات کرنا کوئی دانش مندی نہیں،ذاتی مفادات کی خاطر زندگیوں سے کھیلنا سنگدلی ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے معمر افراد کو کرونا ویکسین کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سینٹر اسپتال لاہور اور ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ کو دیکھتے ہی صحافیوں نے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ اتنا اچھا کام کرتے ہیں تو لوگ تبدیل کرنے کی بات کیوں کرتے ہیں؟، جس پر عثمان بزدار نے جواب دیا کہ میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔

اس موقع پر ایک اور صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ کی اور وزیراعظم کی تصاویر لگی ہوئی ہیں، جواب میں عثمان بزدار نے کہا کہ میں نے اپنی تشہیری تصاویر کہیں نہیں دیکھی۔

سینٹر اسپتال لاہور کے دورے پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کرونا ویکسین لگوانے والے بزرگ شہریوں کے لئے علیحدہ بس سروس چلارہے ہیں۔

 بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایکسپو سینٹر پہنچے ، جہاں انہوں نے کورونا ویکسینیشن کاؤنٹرز کا دورہ اور انتظامات کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ویکسینیشن کیلئے بزرگ شہریوں سے سہولتوں پر دریافت کیا۔

بزرگ شہریوں نے ایکسپو سینٹرمیں مہیا کی گئی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم نے سینٹر میں بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں، یہاں عزت کیساتھ ویکسین لگائی جاتی ہے۔

 میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی حالیہ لہر خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے، ایسے میں حکومت نے عوام کی زندگیو ں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کی جانب سے 26 مارچ کو لانگ مارچ کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوامی اجتماعات کرنا کوئی دانش مندی نہیں، ہم سب کو سب سے پہلے شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہے، ذاتی مفادات کی خاطر زندگیوں سے کھیلنا سنگدلی ہے۔

مزیدخبریں