لاہور: نیب نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر نوٹس لے لیا۔ مریم نواز کی میڈیا پر من گھڑت الزامات وتشریحات پر مبنی روپورٹس کی وضاحت کردی ہے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق مریم نواز کے خلاف نیب میں منی لانڈرنگ اور چوہدری شوگر ملز میں مبینہ ملوث ہونے کے مقدمات زیر تحقیقات ہیں۔ مریم نواز کو ذاتی حثیت میں طلبی پر ملکی فضاء کو اشتعال انگیزی کی طرف راغب کرنے کی کوشس کی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مریم نوازقومی اداورں جیسے نیب، عدلیہ اور لاء اینڈ آڈر سے متعلقہ اداوروں کیخلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کرتی رہی ہیں۔جس کا مقصد نیب کا شریف خاندان کی کرپشن اورمنی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈلنا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مریم نواز کے بیانات کا مقصد تحقیقات پر اثر انداز ہونے کے علاوہ نقص امن کی صورتحال کو تقویت دینا ہے۔مریم نواز اس طرز عمل سے اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ قومی اداروں کو ایکدوسرے کے مدمقامل لاکھڑا کرنے کی فضا قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ میں نیب سے ڈرنے والی نہیں ہوں۔ نیب کاکام کرپشن کوپکڑ نا ہے ترجمان بننا نہیں۔ ہائیکورٹ میں نیب کی درخواست مضحکہ خیزہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سیاستدان ہوں سیاست تو کروں گی۔ جب ناکام ہوگئے تو عدلیہ کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ بیانات جانچنے کا اختیارنیب کوکیسے مل گیا؟ ہائیکورٹ میں کہا گیا کہ میں بیانات دے رہی ہوں اس لیے ضمانت مسترد کی جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ نیب کوتکلیف ہے کہ میں آٹا اورچینی چورکو چورکیوں کہتی ہوں۔ کورونا ویکسین تو آگئی عمران خان کی ویکسین یہ کہ عوام ان کومستردکردیں۔ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ کوئی بات نہیں کرےگی۔ اس حکومت کی آئینی اور نہ ہی قانونی حیثیت ہے۔ امید ہے لاہورہائیکورٹ درخواست کی سماعت نہیں کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ نیب نےلاہور ہائیکورٹ میں میری ضمانت کےخلاف درخواست دی ہے۔ دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں،میاں صاحب بھی 2 بار جیل گئے۔نیب کو ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تو رونا شروع کردیا۔ مجھ پر نیب آفس کے باہر حملہ ہوا، پتھر کھائے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کوتکلیف ہے کہ میں سیاست میں مداخلت کررہی ہوں۔ ایک سال ہوگیا ہے نیب نے مجھے نہیں بلایا۔ نیب آفس کے باہر کھڑی رہی انہوں نے دروازے نہیں کھولے ۔ نیب نے جب بھی بلایا میں گئی ،مجھ پر حملہ اور پتھراوَ کیاگیا۔مریم نواز کا مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ۔