ڈھاکا: بنگلادیش میں کورونا وائرس کے مقابلے میں خودکشی سے 70فیصد زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، بنگلادیش میں خودکشی کے رجحان میں افسوس ناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور وہاں خودکشی کرکے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کوروناوائرس سے ہلاک ہونے والوں سے بھی زیادہ ہے۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ مارچ 2020 سے اب تک خودکشی کرکے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کوروناوائرس سے ہلاک ہونے والے افراد سے 70 فیصد زیادہ ہے۔
آچول فائونڈیشن کی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس مارچ سے رواں برس فروری تک بنگلادیش میں خودکشی کرکے اپنے جان لینے والے افراد کی تعداد 14436 ہے، جب کہ اسی مدت میں کوروناوائرس سے 8462 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے وبا کی وجہ سے معاشرتی اور اقتصادی زبوں حالی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیشں لوگوں کے خود کشی کرنے کے رجحان میں گزشتہ 12 کے دوران 45 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بنگلہ دیش کے ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ہر سال 10 ہزار سے زائد افراد خودکشی کرلیتے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے خود کشی کے رجحان میں خطرناک اضافہ ہوا ہے خصوصاً طلبہ میں خودکشی کے واقعات بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں علاج، ذہنی علاج اور سپورٹ شہریوں کی پہنچ سے باہر ہے۔ خود کشی کرنے والوں میں 49 فیصد افراد کی عمریں 20 سے 35 سال کے درمیان تھیں جبکہ ان میں 57 فیصد خواتین شامل ہیں۔