سلمان خان اور وویک اوبرائے کی 18 سالہ دشمنی دوستی میں تبدیل

09:22 AM, 16 Mar, 2021

ممبئی : بالی وڈکے معروف اداکار وویک اوبرائے اور سلمان خان کے درمیان برسوں سے جاری دشمنی لگتا ہے کہ اب ختم ہونے جارہی ہے کیونکہ وویک اوبرائے نے سلمان خان کا مہمان بن کر سب کو حیران کر دیاہے ۔

بھارتی نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وویک اوبرائے نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2002 میں فلم ’ کمپنی ‘ سے کیا جسے مداحوں کی جانب سےبے حدپذیرائی ملی لیکن 2003میں دبنگ خان کے خلاف پریس کانفرنس اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے ان کے کیریئر پر کاری ضرب لگائی ۔

سلمان اور وویک کے درمیان برسوں سے ایشوریا رائے کے حوالے سے دشمنی چلی آرہی ہے تاہم 18سال بعد ایسا لگ رہا ہے کہ دونوں کے درمیان دشمنی ختم ہونے جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار وویک اوبرائے نے گزشتہ دنوں سلمان خان کی فیملی پارٹی میں شرکت کی، وویک کو سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی اہلیہ سیمان خان نے اپنی سالگرہ پر مدعو کیا جس میں حیران کن طور پر وویک اوبرائے بھی پہنچ گئے۔

 اداکار کو سلمان خان کے گھر کی نجی تقریب میں دیکھ کر سب حیران رہ گئے تاہم وویک کی پارٹی میں شرکت سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شاید اب دشمنی دوستی میں بدلنے جارہی ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان کے خلاف پریس کانفرنس کرنے بعد وویک اوبرائے نے متعدد بار ایوارڈ شوز یا دیگر تقریبات میں دبنگ خان سے اپنے رویے پر معافی بھی مانگی تھی تاہم سلمان خان کی جانب سے وویک اوبرائے سے متعلق کبھی کوئی بات نہیں کی گئی۔

مزیدخبریں