لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے ججز کی سپریم کورٹ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے باعث تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادمحسین رضوی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ٹی ایل پی کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور احتجاجی مظاہروں میں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کیس پر سماعت ہوئی۔ خادم حسین رضوی سمیت دیگر ملزمان کو تھانہ سول لائن میں درج مقدمہ 18/958 میں عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ ججز کی سپریم کورٹ میں اجلاس میں شرکت کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔بعد ازاں خادم حسین رضوی سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 مارچ تک کے لیے توسیع کردی گئی۔