ریاض:نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دہشت گردی کی وارداتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قتل عام میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق ٹویٹر پر اپنے بیان میں شاہ سلمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں نماز ادا کرنے والے مسلمانوں پر بزدلادنہ اور وحشیانہ حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔عالمی برادری کو نفرت پھیلانے اور دہشت گردی کے مرتکب عناصر کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہوتا۔ دہشت گرد دینی اور انسانی اقدار سے عاری ہیں۔
شاہ سلمان نے بیان میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں شہید ہونے والے نمازیوں کے شہادت کی قبولیت، مغفرت اور بلندی درجات جب کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
قبل ازیں شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے نیوزی لیںڈ حکومت کی گورنر کے نام ارسال کردہ تعزیتی برقیہ میں مساجد میں نمازیوں کے قتل عام پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔