نواز شریف کی صحت کے معاملے کو حکومت سنجیدگی سے نہیں لے رہی، شہباز شریف

11:33 AM, 16 Mar, 2019

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت اور وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔

شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور حکومت اس حوالے سے بدترین غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے کو حکومت سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہو چکی ہے جبکہ وہ بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔

صدر ن لیگ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جو مراعات منظور کی گئی ہیں وہ سمجھ سے باہر ہیں۔ بطور وزیر اعلیٰ میں نے سرکاری مراعات نہیں لی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی وزارت اعلیٰ کے 10 سال میں ایک دن بھی تنخواہ نہیں لی۔ بطور وزیراعلیٰ پنجاب 10 سال اپنی ذاتی گاڑی استعمال کرتا تھا۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاج معالجے کے لیے بھی سرکاری پیسے استعمال نہیں کرتا تھا۔ تمام طبی اخراجات بھی جیب سے ادا کیے تھے۔

مزیدخبریں