کراچی: سابق صدر آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی منتقلی سے متعلق بینکنگ کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے اپنے وکلاء کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ پہنچے۔ اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
آصف زرداری نے اپنے وکلاء کے ذریعے بینکنگ کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کو اسلام آباد منتقل کرنے کے فیصلے کو عدالتِ عالیہ میں چیلنج کیا۔
سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینکنگ کورٹ کے مقدمہ منتقلی کے احکامات غیر قانونی ہیں۔
پی پی صدر کی جانب سے مقدمہ اسلام آباد منتقل کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کا مقدمہ کراچی سے اسلام آبادمنتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو 20 مارچ کو طلب کیا ہے۔