لاہور: حکومت پاکستان نے ملکی کرکٹ کیلئے بے پناہ خدمات اور ملک کا نام روشن کرنے پر قومی ٹیم کے تین سابق کپتانوں اور موجودہ کپتان سرفراز احمد کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر سال 23 مارچ کو مختلف شعبوں میں ملک کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف اعزازات سے نوازا جاتا ہے اور اس مرتبہ دیگر اہم شخصیات کے ساتھ حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کے تین سابق کپتانوں یونس خان، مصباح الحق، شاہد خان آفریدی اور موجودہ سرفراز احمد کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: نقیب قتل کیس، راؤ انوار سے متعلق رپورٹ پیر تک جمع کرانے کا حکم
یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 10 ہزار رنز بنانے والے واحد بلے باز ہیں اور ان کی زیر قیادت پاکستان نے 2009 کا ورلڈ ٹی 20 جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ مصباح الحق اعدادوشمار کے لحاظ سے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ہیں جبکہ ان کی زیر قیادت پاکستان نے بڑی بڑی ٹیموں کو زیر کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنائی تھی اور ان کا یہ اعزاز 16 سال تک برقرار رہا تھا جبکہ 2009 کے ورلڈ ٹی 20 میں انہوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں اچھی کارکردگی دکھا کر پاکستان کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کی زیر قیادت پاکستان نے 2011 کے عالمی کپ میں سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان اور امریکا کے مفاد میں ہے، اعزاز چودھری
قومی ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے ساتھ ساتھ ٹی 20 میں عالمی نمبر ایک بننے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا۔ ان چاروں کھلاڑیوں کو رواں سال 23 مارچ تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں