کراچی: چیف جسٹس ثاقب نثارنے آئی جی سندھ کو سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سے متعلق رپورٹ پیر تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نقیب اللہ قتل ازخود نوٹس کیس سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ راؤ انوار سے متعلق اسلام آباد اور کراچی ائیر پورٹ کی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں اور جائزے کے لیے مزید وقت درکار ہے جس کے باعث راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے مزید مہلت دی جائے جس پرچیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنی مہلت دی جائے جس پرآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ دو، تین روز میں پیش رفت ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں:افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان اور امریکا کے مفاد میں ہے، اعزاز چودھری
چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو پیر تک رپورٹ اسلام آباد میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ قتل کیس پیر کو اسلام آباد میں سنیں گے۔
یاد رہے کہ نقیب اللہ کو کراچی میں گرفتار کرنے کے بعد جعلی مقابلے میں 3 مزید افراد کے ساتھ ہلاک کیا گیا تھا۔ راؤ انوار نے دعویٰ کیا تھا کہ نقیب مطلوب دہشتگرد تھا تاہم تحقیقات سے ثابت ہوا کہ وہ بے گناہ تھا اور اسے گرفتار کرنے کے کئی روز بعد ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں