کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ نے مسلسل چھٹی فتح سمیٹ لی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ نے مسلسل چھٹی فتح سمیٹ لی

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے 28 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود اسلام آباد یونائیٹڈ کی نے جے پی ڈومینی کی نصف سنچری کی بدولت پی ایس ایل تھری کی یہ مسلسل چھٹی فتح اپنے نام کی۔گزشتہ شب شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ کے 148 رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے بلے باز اننگز کے آغاز سے میچ پر حاوی رہے۔

اسلام آباد کے پہلے آو¿ٹ ہونے والے بلے باز لیوک رونکی تھے جو 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اگلے آئوٹ ہونے والے بلے باز ایلکس ہیلز تھے جو 16 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ شاداب خان شین واٹسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جے پی دومنی راحت علی کی گیند پر حسان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کیون پیٹرسن بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور فہیم اشرف کی گیند پر 7 رنز بناکر کیپر لیوک رونکی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔اس کے بعد سرفراز احمد اور عمر امین کے درمیان 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 28 رنز بناکر عمر امین عماد بٹ کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

سرفراز احمد بھی 43 رنز بناکر حسین طلعت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئٹہ کی اننگز بکھر گئی۔آگے آنے والے بلے باز انور علی اور محمد نواز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 2 اور ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، عماد بٹ نے دو جبکہ حسین طلعت اور سمیت پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹورنامنٹ میں مسلسل چھٹی فتح تھی اور یہ پوائنٹس ٹیبل پر 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔شاندار اننگز کھیلنے پر جے پی ڈومنی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آج پشاور زلمی اور لاہور قلندرز جبکہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔