ڈی آر ایس کے حوالے سے جو کچھ کہا اس پر کوئی پچھتاوا نہیں، کوہلی

09:23 AM, 16 Mar, 2017

رانچی : بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ بنگلور ٹیسٹ میں ڈی آر ایس کے حوالے سے جو کچھ کہا اب بھی اس پر قائم ہوں اور مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں، اب تمام تر توجہ رانچی ٹیسٹ پر مرکوز ہے، کوشش ہو گی کہ میچ جیت کر سیریز میں برتری حاصل کریں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ (آج) جمعرات سے شروع ہو گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ بنگلور ٹیسٹ کے بعد کوہلی نے بیان دیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم نے ڈی آر ایس پروٹوکول پر چیٹنگ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا تھا تاہم دونوں ممالک کے بورڈز حکام نے اتفاق رائے سے معاملے کو ختم کر دیا تھا۔

بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی قائد نے کہا کہ میں نے بنگلور ٹیسٹ کے بعد جو بھی دعویٰ کیا تھا میں اس پر قائم ہوں اور مجھے کوئی پچھتاوا نہیں لیکن میرے خیال میں اب ضروری ہے کہ تمام تر توجہ اگلے میچز پر مرکوز رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی تنقید کرنے والوں کے بارے نہیں سوچا، ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی گیم پر فوکس کروں اسلئے اب میری تمام تر توجہ آخری دو ٹیسٹ میچز پر مرکوز ہے، سیریز میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔

مزیدخبریں