اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ پاک چین لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ پاک چین لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔انہوں نے مزید کہاکہ ایسی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچے جہاں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔اس کے علاوہ پاک چین تعلقات کےفروغ اور چینی شہریوں کی سکیورٹی کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے سی پیک اور دیگر منصوبوں پرکام کرنے والے چینی انجینئرز اور عملے کے سیکیورٹی پلان پر بھی بریفنگ دی، چینی سفیر نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چینی صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے الگ فورس ایس پی یو بنائی جارہی ہے، پاکستان کی تعمیر وترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بعد ازاں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔