کراچی:پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو پیپلز پارٹی جوائن کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو مشورہ ہے انسانی حقوق کی بہتر تعلیمات کیلئے پیپلز پارٹی کو جوائن کریں۔
پیپلز پارٹی کے انسانی حقوق سیل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل کا ایکٹیوازم صرف سوشل میڈیا تک رہ گیا ہے، ہمارے انسانی حقوق کورس میں یہ نہیں ہے کہ آپ کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمارے مزدور کو جو مسائل ہیں اس پر کام کرنا چاہیں گے، پاکستان میں انسانی حقوق کے مسائل بہت زیادہ ہیں، گوا گیا وہاں اقلیت کا ایک ممبر بھی کسی وزارت کے عہدے پر نہیں تھا، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے پاس اقلیت سے بھی وزارتوں میں لوگ آتے ہیں، پیپلزپارٹی کو انسانی حقوق کے حوالے سے خدمت پر فخر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات قابل تحسین ہیں، آزادی صحافت کی بات ہو یا سیاست میں خواتین کے کردار کی، پیپلزپارٹی نے صف اول کا کردار ادا کیا ہے، ہمیں نئے دور کے چیلنجز کا سامنا کرنا سیکھنا ہو گا۔